This Is Also Gambling | یہ بھی جوا ہے

چند دن پہلے ایک جاننے والے کی حویلی میں جانا ہوا،وہاں بہت سے نوجوان کھیل رہے تھے۔ دو ٹیمیں تھیں۔میرے جاننے والے نے پوچھا کہ
حضور!!
یہ نوجوان روزانہ دوٹیمیں بناتے ہیں اور سب رقم ڈالتے ہیں ،مثلا فی کس 100روپے ۔آخر میں جیتنے والی ٹیم کو وہ مکمل رقم مل جاتی ہے۔ یہ رقم اس لیے لگاتے ہیں کہ اس کے بغیر گیم میں جوش پیدا نہیں ہوتا،کیا شرعا اس طرح کرنا جائز ہے۔؟؟
جواب دیتے ہوئے میں نے کہا:
یہ طریقہ کار جوئے پر مشتمل ہونے کے سبب حرام وناجائز وبہت بڑاگناہ ہے ۔قران پاک میں اللہ پاک نے جوئے کوبہت بڑا گناہ اورناپاک وشیطانی کام قرار دیا ہے۔(البقرہ)اور ہمارے پاک نبی علیہ السلام نے فرمایا: اللہ پاک نے جوا حرام فرمایا ہے۔(سنن الکبری)

وہ بڑی حیرانگی سے کہنے لگے علامہ صاحب!!!
مجھے تو آج پہلی بار معلوم ہوا ہےکہ یہ بھی جوا ہے۔

پھر وہ بولے:اچھا آپ جوئے کی تعریف بتادیں؟؟
میں نےکہا:جوئے کی تعریف یہ ہے کہ ہر وہ مقابلہ جس میں جیتنے والے کو ہارنے والے کامال یاکوئی شے ملنے کی شرط ہو۔
(ملخص التعریفات للجرجانی،ص79)

وہ کہنے لگےعلامہ صاحب جوئے کی مزید چند مثالیں بھی بتادیں جوعام رائج ہوں لیکن اس کے جوا ہونے کی طرف عام عوام کی توجہ نہ ہو۔۔
میں نے یہ چند مثالیں ان کو بتائیں۔۔۔

لڈو،کیرم بورڈ وغیرہ کھیلوں میں یہ شرط لگانا کہ ہارنے والا،جیتنے والےکو کھانا،کول ڈرنک،پیزا،برگریاکوئی کھانے کی شے کھلائے گا یاکوئی شے دے گا۔یہ بھی جوا ہے

چھوٹے بچے بنٹے یااخروٹ کھیلتے ہیں،جیتنےوالادوسرے کے بنٹے یااخروٹ وغیرہ لے لیتا ہے یہ بھی جوا ہے۔

 سنوکر،بلیرڈ گیمز وغیرہ میں ہارنے والے کاکھیلنے کی فیس دینا،یہ بھی جوا ہے۔

دوستوں میں شرط لگائی جاتی ہے یہ چیز کھاؤ ۔اگرتم نے اتنے منٹ میں مکمل کھائی تو تمہیں اتنی رقم ملے گی اور اگر تم نہ کھاسکے توتمہیں اتنی رقم دینی پڑے گی۔یہ بھی جوا ہے۔

لاٹری(جسےپنجاب میں قسمت پڑی کہتے ہیں)کاکوپن خریدا،اگر خالی نکلا تو اپنی رقم ضائع اور اگر نکل آیا تو دوسرے کامال ہاتھ لگے گا ،یہ بھی جوا ہے۔

 دوٹیمیں رقم ملا کر کرکٹ ،ہاکی وغیرہ کے میچز کھیلتی ہیں اور آخر میں جیتنے والی ٹیم کو جمع رقم سے کپ اورٹرافیزوغیرہ دی جاتی ہیں۔۔یہ بھی جوا ہے

(سب دوستوں کامل کر قرعہ اندازی کرنا جس کانام نکلا وہ بقیہ سب کوکھانا کھلائے گا یاچائے وغیرہ پلائے گا۔یہ بھی جوا ہے۔۔

موبائل مسیجز پر جن دنوں میں مختلف میچز ہوتے ہیں یہ سوال کیا جاتا ہے کونسی ٹیم جیتی گی ؟۔رقم جمع کروائیں. اگر آپ کاجواب درست ہوا تو اضافی رقم ملے گی. ورنہ ہارنے کی صورت میں اپنی بھی ضائع۔یہ بھی جوا ہے

یہ سن کو وہ کچھ پریشان ہوئے اور افسوس کرتے ہوئے کہنے لگے یہ معاملات توگھر گھر ہورہے ہیں۔
آپ یہ بتادیں کہ اگرکسی نے مسلمان سے اس طرح مال جوے میں جیت لیاہو،اب وہ کیاکرے؟؟
جواب:میں نے عرض کی سب سے پہلے تواللہ پاک کی بارگاہ میں شرمسار ہو کر اس گناہ وناپاک عمل سے توبہ کرے ۔
دوسرے نمبر پر جوجو مال جوے میں جیتا ،وہ حرام مال جس جس سے لیا ،جتنا لیا ،اسے واپس کردے۔یاکسی طرح اسے راضی کرکے معاف کرالے۔وہ نہ ہوتو اس کے ورثاء کوواپس کرے۔اگرورثہ بھی معلوم نہ ہوں اورکسی طرح پتہ نہ چلے تو اتنامال اس کی نیت سے خیرات کردے(ملخص رضویہ ج19)۔

آخر میں تحریر پڑھنے والے احباب سے درخواست
صاحبو!!!
اگر آپ اس طرح کی کوئی غلطی کرچکے ہیں تو آج توبہ کرکے اس کا ازالہ کرلیں ورنہ آخرت کاعذاب بڑا سخت ہے

Leave a Reply